لاہور: وزیر اعظم شہباز شریف نے صدر مسلم لیگ (ن) نواز شریف سے جاتی امرا میں ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی موجود تھیں۔
ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، معیشت کی حالت اور خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم نے نواز شریف کو ملکی معیشت کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے پاک افغان کشیدگی اور مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر بھی بریفنگ دی۔ اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دنیا میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑا۔انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو ہر ممکن ریلیف دینے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ عام آدمی کو فائدہ پہنچ سکے۔
اس موقع پر نواز شریف نے کہا کہ غریب آدمی کی مشکلات کم کرنے کے لیے جو بھی اقدامات ممکن ہوں، وہ کیے جائیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ملکی سلامتی اور دفاع پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔نواز شریف نے کہا کہ پاکستان دنیا میں امن کے قیام کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
