وزیرِ اعظم کی زیر صدارت این ایچ اے کارکردگی اجلاس، موٹرویز پر ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے کا اعلان
اسلام آباد :وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت این ایچ اےکی کارکردگی سے متعلق ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں موٹر ویز اور قومی شاہراہوں کی بہتری، ٹول آمدن میں اضافے اور حفاظتی اقدامات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیرِ اعظم نے این ایچ اے کی آمدنی میں نمایاں اضافے، موٹر ویز اور ہائی ویز پر حفاظتی اقدامات کے مؤثر نفاذ، سروس ایریاز کی بہتری اور دیگر اصلاحات پر وزیرِ مواصلات عبدالعلیم خان اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ این ایچ اے کے ٹول پلازوں کی اوپن اور شفاف انداز میں نیلامی ایک احسن اقدام ہے۔
وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ موٹرویز کی مرمت کے دوران کام کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے اور جاری منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ 2024 کے مقابلے میں مالی سال 2025 میں این ایچ اے کی آمدن 66.8 ارب روپے سے بڑھ کر 109 ارب روپے تک پہنچ گئی، جو کہ 63 فیصد اضافہ ہے۔ یہ اضافہ وزیرِ اعظم کی ہدایات پر ٹول ٹیکس وصولی کے بہتر نظام اور دیگر اقدامات کے باعث ممکن ہوا۔
بریفنگ کے مطابق 2024 کے مقابلے میں 2025 میں موٹر ویز پر ایم ٹیگ کے استعمال کی شرح 20 فیصد سے بڑھ کر 81 فیصد تک پہنچ گئی ہے، جبکہ ہائی ویز اور موٹر ویز پر ایکسل لوڈ کی پابندی کی شرح بالترتیب 90 اور 95 فیصد تک ہو گئی ہے جس سے حادثات میں کمی کے ساتھ سڑکوں کی عمر میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ موٹر ویز پر موجود سروس ایریاز کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ قومی شاہراہوں پر بھی نئے سروس ایریاز تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ رواں سال موٹر ویز پر ایئر ایمبولینس سروس متعارف کرائی جائے گی جبکہ تمام موٹر وے انٹرچینجز پر ریسکو 1122 کی ایمرجنسی سروس ہر وقت دستیاب ہے۔
اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ این ایچ اے نے اپنے بجٹ سے لیاری ایکسپریس وے، ٹھوکر نیاز بیگ (این-5) اور اسلام آباد۔مری ایکسپریس وے کی اپ گریڈیشن مکمل کر لی ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وزیرِ مواصلات عبدالعلیم خان اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔
