آئی اے ای اے بورڈ کی چشمہ یونٹ 5 کے حفاظتی معاہدے کی منظوری، 1200 میگاواٹ بجلی 2030 تک متوقع
اسلام آباد:آئی اے ای اےکے بورڈ آف گورنرز نے چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کے یونٹ 5 کے حفاظتی معاہدے کی متفقہ طور پر منظوری دے دی ہے، جسے پاکستان کے توانائی شعبے کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ چشمہ یونٹ 5 کے لیے آئی اے ای اے کی منظوری پاکستان کے توانائی کے مستقبل کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔ ان کے مطابق یہ اقدام پاکستان کے پُرامن جوہری پروگرام اور عدم پھیلاؤ کے عالمی معیارات سے وابستگی پر عالمی برادری کے اعتماد کا مظہر ہے۔
بیان کے مطابق چشمہ یونٹ 5 سے 1200 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی جبکہ پریشرائزڈ واٹر ری ایکٹر کے 2030 تک فعال ہونے کی توقع ہے۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد قومی گرڈ کو کاربن سے پاک بجلی کی فراہمی میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
حکام کے مطابق پاکستان اس وقت مجموعی طور پر 3,530 میگاواٹ صلاحیت کے چھ جوہری پاور پلانٹس چلا رہا ہے۔ گزشتہ برس جوہری توانائی نے قومی بجلی کی پیداوار میں 18.3 فیصد جبکہ مجموعی کاربن سے پاک بجلی میں 34 فیصد حصہ ڈالا۔
