یونیورسٹی آف لکی مروت کے قریب مشکوک نقل و حرکت، پولیس اور پاک فوج کا مشترکہ سرچ آپریشن

0

لکی مروت :یونیورسٹی آف لکی مروت کی زیر تعمیر عمارت کے قریب مشکوک افراد کی نقل و حرکت کی اطلاع پر پولیس اور پاک فوج نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مشترکہ سرچ آپریشن کیا۔

اطلاع ملنے پر کمانڈر 55 بریگیڈ بریگیڈیئر حیدر علی، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نزیر خان اور ڈپٹی کمشنر حمیداللہ خان کی قیادت میں ڈی ایس پی لکی شاہی بخت، ایس ایچ او تھانہ لکی عمران، بھاری پولیس نفری اور پاک فوج کے دستے فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔

سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر بھرپور سرچ آپریشن شروع کیا جبکہ ڈرون کیمروں کے ذریعے فضائی نگرانی بھی کی گئی۔ یونیورسٹی کے اطراف اور ملحقہ علاقوں میں مکمل کلیئرنس کو یقینی بنایا گیا اور سکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے۔

بعد ازاں بریگیڈیئر حیدر علی، ڈی پی او نزیر خان اور ڈپٹی کمشنر حمیداللہ خان نے یونیورسٹی انتظامیہ سے ملاقات کی اور مجموعی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے موقع پر موجود سکیورٹی گارڈز کا حوصلہ بڑھایا اور بروقت اطلاع دینے پر انہیں نقد انعامات سے بھی نوازا۔

اس موقع پر حکام کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں کی سکیورٹی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کو ہرگز نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔ پولیس اور پاک فوج کی مشترکہ حکمت عملی کے تحت ضلع بھر میں حساس مقامات کی سکیورٹی مزید مؤثر بنانے کے اقدامات جاری رہیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.