پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ایڈہاک صدر محی الدین نے عماد بٹ پر لگی 2 سال کی پابندی ہٹادی
اسلام آباد:پاکستان ہاکی فیڈریشن یعنی پی ایچ ایف کے صدر طارق بگٹی کے استعفے کے بعد سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ محی الدین احمد وانی نے ایڈہاک صدر کا چارج سنبھال لیا ہے۔
چارج سنبھالنے کے بعد محی الدین احمد وانی نے کہا کہ ورلڈ کپ کوالیفائنگ مرحلے میں بہت کم وقت رہ گیا ہے، اس لیے کیمپ آج یا کل شروع کر دیا جائے گا۔انہوں نے اعلان کیا کہ کپتان عماد شکیل بٹ پر عائد پابندی ختم کر دی گئی ہے اور ہاکی کی بحالی و فروغ کے لیے ہنگامی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔
محی الدین وانی کے مطابق ٹیم مینجمنٹ کی ازسرنو تشکیل، کوچنگ اور تربیتی نظام میں بہتری اور ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے پر کام جاری ہے۔انہوں نے کھلاڑیوں کو ہدایت کی کہ وہ صرف کھیل پر توجہ دیں، انتظامی امور فیڈریشن سنبھالے گی، اور تمام فیصلے شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر کیے جائیں گے۔
پی ایچ ایف کے پیٹرن اِن چیف وزیراعظم شہباز شریف نے جمعرات کو بگٹی کا استعفیٰ فوری طور پر منظور کرتے ہوئے فیڈریشن میں مبینہ بدانتظامی کا نوٹس بھی لیا تھا۔
