ہاکی فیڈریشن کا صدر نہیں بن رہا، لیکن یہ بحران ختم ہونے تک ہم کھلاڑیوں کی مدد کرتے رہیں گے: محسن نقوی

0

لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈکے چیئرمین محسن نقوی نے پاکستان ہاکی میں جاری بحران کے خاتمے تک مینز  ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کی مدد جاری رکھنے کا اعلان کر دیا۔

لاہور میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے قومی ہاکی ٹیم کے ارکان سے ملاقات کی، جنہوں نے انہیں پرو ہاکی لیگ کے دوران پیش آنے والے ناخوشگوار واقعات سے آگاہ کیا۔ محسن نقوی نے کھلاڑیوں کے ساتھ مبینہ بدسلوکی پر افسوس کا اظہار کیا اور انہیں مکمل  تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

چیئر مین پی سی بی نے کہا کہ ہم ہاکی کے کھلاڑیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں گے، ہاکی کے معاملات کو درست کرنے کے لیے مکمل تعاون کریں گے۔

پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے حکام کو ہدایت دی کہ آئندہ مصر میں ہونےو الے ورلڈ کپ کوالیفائر ٹورنامنٹ کے لیےٹیم کے لیے فوری طور پر فضائی ٹکٹ، کھیلوں کا سامان اور ہوٹل رہائش کا بندوبست کیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی حکم دیا کہ جمعہ سے کھلاڑیوں کے لیے تربیتی کیمپ قائم کیا جائے اور تمام تیاریاں جمعرات کی رات تک مکمل کر لی جائیں۔

محسن نقوی نے مزید ہدایت کی کہ زخمی کھلاڑیوں کو پی سی بی کی نگرانی میں فوری طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور کھلاڑیوں کو کھیل پر مکمل توجہ مرکوز رکھنے کا کہا۔ انہوں نے کھلاڑیوں سے کہا کہ آپ صرف کھیل پر توجہ دیں، پاکستان کی عزت سب سے پہلے ہے، ہم کسی بھی صورت میں ملک کے وقار کو مجروح نہیں ہونے دیں گے۔

ملاقات کے دوران محسن نقوی نے حالیہ قومی ہاکی ٹورنامنٹ میں رنر اپ رہنے پر کھلاڑیوں میں فی کس 10 لاکھ روپے کے چیک بھی تقسیم کیے، جو ایک سابقہ اعلان کی تکمیل تھی۔اس موقع پر کھلاڑیوں نے مشکل وقت میں ملاقات، تعاون اور حوصلہ افزائی پر چیئرمین پی سی بی کا شکریہ ادا کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.