وزیراعظم کا رمضان ریلیف پیکج بڑھانے کا اعلان، رقم 20 ارب سے بڑھا کر 38 ارب روپے مقرر
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان ریلیف پیکج کے تحت رقم بڑھا کر 38 ارب روپے کرنے کا اعلان کردیا۔
رمضان ریلیف پیکج کے اجرا کی تقریب میں سیکرٹری بی آئی ایس پی نے وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس سال مستحق خاندانوں کو فی خاندان 13 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے۔ بریفنگ کے مطابق پیکج کا مقصد مستحق افراد کو باعزت مالی ریلیف دینا ہے۔
سیکرٹری بی آئی ایس پی نے بتایا کہ 2025 میں رمضان پیکج کے تحت مستحقین کو 5 ہزار روپے دیے گئے تھے، جبکہ اس بار رقم میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔ رقم مستحق افراد کو ملک بھر میں بینکوں کے ذریعے براہ راست فراہم کی جائے گی۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ رمضان ریلیف پیکج کا مجموعی حجم 38 ارب روپے ہے اور وزرا پر مشتمل کمیٹی پیکج کے تمام مراحل کی نگرانی کرے گی، جبکہ وزیراعظم خود بھی نظام کی نگرانی کر رہے ہیں۔
تقریب سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ سال مستحقین کو ڈیجیٹل نظام کے ذریعے امداد دی گئی تھی اور اس وقت 20 ارب روپے مختص کیے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال پیکج کو بڑھا کر 38 ارب روپے کردیا گیا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر میں شفاف نظام کے تحت رقم تقسیم کی جائے گی اور مستحق خاندانوں کو فی خاندان 13 ہزار روپے دیے جائیں گے۔
