نوجوانوں کو اے آئی کی تربیت دے کر انقلاب برپا کیا جاسکتا ہے:وزیر اعظم

0

اسلام آباد:وزیر اعظم شہباز شریف نے  انڈس اے آئی ویک 2026 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو اے آئی کی تربیت دے کر زراعت ، صنعت ، تجارت سمیت ہر شعبے میں انقلاب برپا کیا جاسکتا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے 2030ء تک مصنوعی ذہانت(اے آئی) کے شعبے میں ایک ارب ڈالر خرچ کرنے، اے آئی کا نصاب تیار کرنے، اے آئی میں پی ایچ ڈی کیلئے ایک ہزار وظائف دینے، آئی ٹی اور اے آئی کے حوالے سے استعداد میں اضافے کیلئے قومی سطح پر پروگرام شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا  کہ نوجوانوں کی بڑی آبادی کو اے آئی کی تربیت دے کر زراعت ، صنعت ، تجارت سمیت ہر شعبے میں انقلاب برپا کیا جاسکتا ہے اور پاکستان اقوام علم میں نمایاں مقام پیدا کرسکتا ہے۔

 وزیراعظم  شہباز شریف نے کہا کہ انڈس اے آئی ویک ایونٹ ملک کے ٹیکنالوجی کے منظرنامے کو بدل دے گا، یہ ایونٹ عالمی سطح پر پاکستان کو ایک مضبوط پارٹنر کے طور پر سامنے لائے گا۔

شہباز شریف  نے بتایا کہ بطور وزیراعلیٰ پنجاب سابق وزیر اعظم  نواز شریف کی قیادت میں اور ان کے وژن کے تحت انہوں نے تعلیم، صحت، محصولات اور نوجوانوں کی ترقی کے لئے کئی اہم منصوبے شروع کئے، بطور وزیراعلیٰ پنجاب میں آئی ٹی کے شعبے پر خصوصی توجہ دی اورپانچ لاکھ ہونہار طلبہ کو لیپ ٹاپس دیئے۔

انہوں نے بتایا  پنجاب لینڈ ڈیجیٹلائزیشن پروگرام کے ذریعے اراضی کے ریکارڈ کی شفافیت کو یقینی بنایا گیا، لینڈ ریکارڈ میں اصلاحات سے کرپشن کا خاتمہ ممکن ہوا اور ریونیو افسران کی بدعنوانی کو ختم کیا گیا، ای اشٹام پیپرز کا اجراء کرکے آمدن میں اضافہ کیا۔

 وزیر اعظم نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی مکمل ڈیجیٹائزیشن سے محصولات کی وصولی میں شفافیت ممکن ہوئی، سمگلنگ کی روم تھام کے لئے جدید سکینرز اور آلات پورٹس پر نصب کئے گئے۔ پاکستان کی 24 کروڑ آبادی میں 60 فیصد نوجوان ہیں، انہیں جدید علم اور مہارتوں سے آراستہ کرنا وقت کی ضرورت ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا پاکستان اب مصنوعی ذہانت کے شعبے میں عالمی سطح پر قدم رکھنے کے لئے تیار ہے، دیہی علاقوں تک پہنچے اور نوجوانوں کو جدید علم اور تکنیکی مہارتیں فراہم کیں۔وزیر اعظم نے ایک ملین غیر آئی ٹی پروفیشنلرز کو اے آئی میں تربیت فراہم کرنے، 1000 مکمل فنڈ شدہ پی ایچ ڈی سکالرشپس اے آئی کے شعبے میں دینے اور وفاق کے علاوہ آزاد جموں و کشمیر ، گلگت بلتستان و بلوچستان کے پسماندہ علاقوں میں بھی اے آئی کی تعلیم و نصاب متعارف کرانے اور 2030ء تک اے آئی کے شعبے میں ایک ارب ڈالر سرمایہ کاری کا اعلان کیا۔

وزیراعظم  نے کہا کہ نوجوانوں کو زراعت، تجارت اور دیگر اقتصادی شعبوں میں جدید ٹیکنالوجی کی تربیت فراہم کرنے کی ضرورت ہے ، پاکستان عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر ٹیکنالوجی کے مثبت اثرات اپنانے کے لئے پرعزم ہے، پاکستان ہر چیلنج کا مقابلہ کرے گا اور عالمی برادری میں اپنی جگہ بنائے گا، معیشت، صنعت، تجارت اور خواتین کے حقوق میں اے آئی کے ذریعے انقلاب متوقع ہے۔

شہباز شریف  نے کہا کہ صنعت ، زراعت، تجارت سمیت اے آئی کے ذریعے ترقی کا انقلاب برپا کیا جاسکتا ہے، ہم نے بہت سے اقدامات کیے ہیں لیکن ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے ، پاکستان اقوام عالم میں اپنا نام پیدا کرے گا ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.