پاکستان نے سعودی عرب میں جاری ورلڈ ڈیفنس شو میں ’SMASH‘ ہائپرسونک میزائل متعارف کروادیا
ریاض:سعودی دارالحکومت ریاض میں جاری ورلڈ ڈیفنس شو 2026 میں پاکستان کی دفاعی صنعت نے ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ’اسمیش‘ (SMASH) نامی ہائپرسونک اینٹی شپ بیلسٹک میزائل متعارف کرا دیا۔ یہ میزائل (GIDS) کی جانب سے پیش کیا گیا ہے۔
اسمیش میزائل کو سمندری اور زمینی دونوں اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت کے ساتھ ڈیزائن کیا گیا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ میزائل انتہائی تیز رفتار، اعلیٰ درستگی اور تقریباً عمودی زاویے سے حملے کی خصوصیات رکھتا ہے، جس کے باعث جدید فضائی اور میزائل دفاعی نظام کو چکمہ دینا ممکن ہو جاتا ہے۔
اینٹی شپ سیٹنگ میں اسمیش میزائل کی رینج 290 کلومیٹر ہے، جبکہ اس میں 384 کلوگرام وزنی وارہیڈ نصب کیا گیا ہے۔ نیویگیشن کے لیے ایچ ڈی جی این ایس اسسٹڈ انرشیل نیویگیشن سسٹم کے ساتھ ایکٹو ریڈار سیکر استعمال کیا گیا ہے۔
میزائل میں سنگل اسٹیج، ڈوئل تھرسٹ سالڈ راکٹ موٹر نصب ہے اور کمپنی کے مطابق اس کی درستگی (CEP) 10 میٹر یا اس سے کم ہے، جبکہ ٹرمینل فیز میں رفتار آواز کی رفتار سے دو گنا زیادہ ہو سکتی ہے۔
زمینی اہداف کے لیے تیار کردہ ورژن میں بھی رینج 290 کلومیٹر رکھی گئی ہے، تاہم اس میں وارہیڈ کا وزن بڑھا کر 444 کلوگرام کر دیا گیا ہے۔ اس ورژن میں نیویگیشن کا انحصار ایچ ڈی جی این ایس اسسٹڈ انرشیل نیویگیشن پر ہے، درستگی 15 میٹر یا اس سے کم جبکہ رفتار آواز کی رفتار سے دو گنا زیادہ بتائی گئی ہے۔
جی آئی ڈی ایس کا کہنا ہے کہ اسمیش میزائل کو دوہرے کردار (Dual-Role Capability) کے تحت تیار کیا گیا ہے تاکہ ایک ہی میزائل کو بحری اور زمینی دونوں نوعیت کے مشنز کے لیے استعمال کیا جا سکے۔ اس حکمتِ عملی سے لاجسٹک نظام سادہ رہتا ہے اور اخراجات میں نمایاں کمی آتی ہے۔
دفاعی ماہرین کے مطابق مشرقِ وسطیٰ اور دیگر خطوں میں طویل فاصلے تک درست حملہ کرنے والے ہتھیاروں کی مانگ میں اضافہ ہو رہا ہے، اور اسمیش میزائل کو ایسے ہی متنازع اور خطرناک ماحول میں ایک مؤثر اور جدید ہتھیار کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔
