انڈر 19 ورلڈ کپ: آئی سی سی نے ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان کردیا، پاکستانی کھلاڑی بھی شامل
دبئی :انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے مینز انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ 2026 مکمل ہونے کے بعد ٹورنامنٹ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان کردیا، جس میں پاکستان کے فاسٹ بولر علی رضا بھی جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔
ورلڈ کپ جیتنے والی بھارتی ٹیم کے 3 کھلاڑیوں کو بھی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں شامل کیا گیا ہے، جن میں ویبھاو سوریا وشنّی نمایاں ہیں، جنہوں نے فائنل میں 80 گیندوں پر شاندار 175 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کی جانب سے علی رضا واحد کھلاڑی ہیں جنہیں اس اعزاز کے لیے منتخب کیا گیا۔ انہوں نے ٹورنامنٹ کے دوران 13 وکٹیں حاصل کیں اور ان کی بولنگ اوسط 13.92 رہی، جو قومی ٹیم کی جانب سے بہترین کارکردگی شمار کی جا رہی ہے۔
آئی سی سی کے مطابق ٹیم کا انتخاب ماہرین پر مشتمل ایک پینل نے کیا۔اعلان کے مطابق یہ ٹیم 12 ایسے نوجوان کرکٹرز پر مشتمل ہے جنہوں نے ایونٹ کے دوران اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
انگلینڈ کے تھامس ریو کو ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے، جبکہ ان کے ہم وطن کھلاڑی مینّی لمسڈن اور بین مائس بھی منتخب ٹیم کا حصہ بنے ہیں۔
ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں 12 کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ے، جن میں تھامس ریو (کپتان، وکٹ کیپر)، ویبھاو سوریا وشنّی، ویراَن چامودیتھا، فیصل خان شینوزادہ، اولیور پیک، بین مائس، کانشک چوہان، نورستانی عمرزئی، ویٹل لاوز، علی رضا، مینّی لمسڈن اور ہینل پٹیل شامل ہیں۔
