بھارتیوں کے غیر قانونی امیگریشن کا بڑھتا رجحان عالمی سکیورٹی کیلئے سنگین چیلنج بن گیا
واشنگٹن: بھارتی شہریوں کے غیر قانونی امیگریشن کے بڑھتے ہوئے رجحان کو عالمی سلامتی کیلئے ایک سنگین چیلنج قرار دیا جا رہا ہے، جس پر بین الاقوامی سکیورٹی اداروں اور غیر ملکی میڈیا نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔
امریکی کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن کے مطابق سال 2025 کے دوران 23 ہزار 830 بھارتی شہری غیر قانونی طور پر امریکی سرحد عبور کرتے ہوئے گرفتار ہوئے، جبکہ 2024 میں یہ تعداد کہیں زیادہ رہی اور امریکی حکام نے 85 ہزار 119 بھارتیوں کو غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرتے ہوئے حراست میں لیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت میں مودی حکومت کی ناقص معاشی اور سماجی پالیسیوں کے باعث ہزاروں بھارتی شہری بہتر مستقبل کی تلاش میں غیر قانونی راستے اختیار کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔
ایک بھارتی جریدے کے مطابق گرفتار ہونے والے بھارتی شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ روشن مستقبل کے خواب کی خاطر غیر قانونی طریقوں سے امریکا پہنچنے کی کوشش کر رہے تھے۔
عالمی سکیورٹی اداروں نے بھی بھارتیوں کی غیر قانونی امیگریشن، انسانی اسمگلنگ، جعلی ڈگریوں کے استعمال اور منظم جرائم میں ملوث نیٹ ورکس کو بین الاقوامی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ یہ رجحان عالمی سطح پر سکیورٹی خدشات میں اضافے کا باعث بن سکتا ہے۔
