وادی تیراہ میں 4 روزہ ریسکیو آپریشن مکمل، مین روڈ آمد و رفت کیلئے بحال

0

خیبر: وادی تیراہ میں چار روزہ ریسکیو آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے اور باڑہ سے تیراہ جانے والی مین روڈ کو آمد و رفت کے لیے مکمل طور پر بحال کر دیا گیا ہے۔

ریسکیو 1122 کے ترجمان مقصود عالم نے بتایا کہ 10 جنوری سے وادی تیراہ میں مقامی شہریوں کی نقل مکانی شروع ہوئی تھی، تاہم 22 جنوری کی شدید برفباری کے باعث نقل مکانی کرنے والے سیکڑوں متاثرہ خاندان راستے میں پھنس گئے تھے۔ بچوں اور خواتین سمیت متعدد متاثرین ٹرکوں میں محصور ہو گئے تھے، جس پر حکام بالا کی ہدایت پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق اس آپریشن میں ضلع خیبر کے علاوہ پشاور، مردان، صوابی اور نوشہرہ کی ریسکیو ٹیموں نے بھی حصہ لیا۔ مین روڈ سے برف ہٹانے کے ساتھ ساتھ متاثرین کو بحفاظت نکالنے کا عمل جاری رکھا گیا۔

چار روزہ آپریشن کے دوران ٹی ڈی پیز کو لے جانے والی 480 گاڑیوں سمیت 2,400 متاثرین کو کامیابی سے ریسکیو کیا گیا، جبکہ برفباری میں پھنسے 200 سے زائد زخمیوں اور مریضوں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔

مقصود عالم کے مطابق اگرچہ مین ریسکیو آپریشن مکمل ہو چکا ہے، تاہم وادی تیراہ کے تین مقامات (پائندی چینہ، دوہ توئی اور مہربان کلی) میں ریسکیو بیس کیمپ قائم رکھے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن کے لیے 170 اہلکار، 27 گاڑیاں، 21 ایمبولینسز، 4 ایکسکیویٹرز اور 6 ٹریکٹرز سمیت دیگر مشینری تعینات کی گئی تھی، جبکہ محکمہ سی اینڈ ڈبلیو اور ہائی ویز کی مشینری بھی آپریشن میں شامل رہی۔

ترجمان کے مطابق ریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد آج سےوادی تیراہ میدان کے متاثرین کی رجسٹریشن کا عمل دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے اورچاروں رجسٹریشن سینٹرز بحال کر دیے گئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے ریکارڈ کے مطابق علاقہ میدان سے نقل مکانی کرنے والے تقریباً 10 ہزار خاندانوں کی رجسٹریشن مکمل کی جا چکی ہے، جبکہ علاقہ میدان کی مجموعی آبادی تقریباً ایک لاکھ 30 ہزار نفوس پر مشتمل ہے۔حکام کے مطابق صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید امدادی اقدامات بھی کیے جائیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.