مصنوعی بارش سے پانی کی قلت دور کرنے کا منصوبہ

0

ابوظہبی : متحدہ عرب امارات نے آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) کی مدد سے مصنوعی بارش کے ذریعے پانی کی قلت دور کرنے کے لیے ایک نیا منصوبہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

حکام کے مطابق اس منصوبے کے تحت کلاؤڈ سیڈنگ سے قبل ماحول دوست تحقیق کی جائے گی تاکہ بہتر اور پائیدار نتائج حاصل کیے جا سکیں۔

مصنوعی بارش کے منصوبوں کے لیے 15 لاکھ ڈالر کی تحقیقی گرانٹس جاری کر دی گئی ہیں۔ اس پروگرام کے تحت امریکا، جرمنی اور آسٹریلیا کے سائنسدان تحقیق میں حصہ لیں گے، جبکہ اماراتی نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی کے تحت تین سائنسدانوں کا بھی انتخاب کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق 48 ممالک سے موصول ہونے والی 140 تجاویز میں سے سائنسدانوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ ہر منتخب سائنسدان کو زیادہ سے زیادہ 15 لاکھ ڈالر کی گرانٹ دی جائے گی، جو تین سال میں تقسیم ہوگی۔ ایک سائنسدان کو ایک سال میں زیادہ سے زیادہ 5 لاکھ 50 ہزار ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔

منصوبے کے تحت آئندہ تین سال تک بارش بڑھانے کی جدید ٹیکنالوجی پر تحقیق کی جائے گی، جس میں مصنوعی بارش کے عمل میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا استعمال کیا جائے گا۔ اماراتی حکام کے مطابق اے آئی درست بادلوں کا انتخاب کرے گا جس سے بہتر نتائج حاصل ہوں گے۔

متحدہ عرب امارات میں سالانہ بارش نہایت کم ہوتی ہے اور ملک بڑی حد تک سمندری نمکین پانی کو صاف کر کے پانی کی ضروریات پوری کرتا ہے۔ امارات پہلے ہی ہر سال سیکڑوں کلاؤڈ سیڈنگ آپریشنز کرتا ہے، جبکہ نئی تحقیق سے زراعت اور پانی کے ذخائر کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.