امریکہ نے غزہ پیس بورڈ کے بعد ‘نیو غزہ’ کا تعمیرِ نو منصوبہ پیش کر دیا

0

امریکہ نے غزہ پیس بورڈ کے بعد غزہ کی تعمیر نو کا منصوبہ بھی پیش کر دیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے غزہ پیس بورڈ لانچ کرنے کے بعد ان کے داماد جیرڈ کشنر نے عالمی اقتصادی فورم میں غزہ کی تعمیر نو کا منصوبہ ’نیو غزہ‘ پیش کیا۔

جیرڈ کشنر کے مطابق دو سالہ جنگ کے دوران 90 ہزار ٹن گولہ بارود استعمال ہوا جس کے نتیجے میں ہزاروں جانیں ضائع ہوئیں اور 60 ملین ٹن سے زائد ملبہ جمع ہو گیا۔  جنگ بندی کے دوسرے مرحلے میں غزہ کی تعمیر نو کا عمل شروع کیا جائے گا۔

برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق کشنر نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے بقول یہ منصوبہ غزہ کے عوام کے لیے ہوگا۔ منصوبے کے تحت غزہ کو مختلف زونز میں تقسیم کیا جائے گا اور تعمیر نو کا آغاز رفح سے کیا جائے گا، جہاں مزدوروں کی رہائش کا انتظام ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ ملبہ ہٹانے کا کام پہلے ہی شروع ہو چکا ہے، جس کے بعد ایک نیا غزہ تعمیر کیا جائے گا جہاں مختلف صنعتیں قائم کی جائیں گی۔

کشنر نے ایک سلائیڈ شو کے ذریعے ’نیو غزہ‘ کا ماسٹر پلان بھی پیش کیا، جس میں رہائشی علاقے، ڈیٹا سینٹرز اور انڈسٹریل پارکس شامل ہیں۔ سلائیڈز میں بحیرہ روم کے ساحل پر دبئی یا سنگاپور طرز کے بلند و بالا ٹاورز بھی دکھائے گئے۔

کشنر کے مطابق آنے والے ہفتوں میں واشنگٹن میں ایک کانفرنس منعقد کی جائے گی جہاں نجی شعبے کی جانب سے عطیات کا اعلان کیا جائے گا۔

تاہم خبر ایجنسی کے مطابق منصوبے میں اہم مسائل جیسے جائیداد کے حقوق، متاثرہ فلسطینیوں کو معاوضہ اور تعمیر نو کے دوران بے گھر ہونے والے افراد کی رہائش کے حوالے سے کوئی واضح تفصیل شامل نہیں کی گئی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.