آذربائیجان کی کمپنی کا پاکستان کے تیل و گیس کے شعبے میں سرمایہ کاری کا اعلان
آذربائیجان کی ایک کمپنی نے پاکستان کے تیل اور گیس کے شعبے میں سرمایہ کاری کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت ڈیووس میں ہونے والے بزنس راؤنڈ ٹیبل اجلاس کے دوران سامنے آیا۔
اجلاس میں عالمی سطح کی معروف کمپنیوں کے سی ای اوز اور سینئر حکام نے شرکت کی، جہاں پاکستان کی اصلاحاتی سمت اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق آذربائیجان کی کمپنی کی جانب سے تیل و گیس کے شعبے میں سرمایہ کاری کے اعلان کا وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے خیر مقدم کیا اور ٹیکس نظام کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیر خزانہ اور بل گیٹس کے درمیان بھی ملاقات ہوئی جس میں پاکستان میں صحت اور ادارہ جاتی اصلاحات میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔مزید برآں وزیر خزانہ نے ٹیکس نظام کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے گیٹس فاؤنڈیشن کے تعاون پر اظہارِ تشکر بھی کیا۔
