سانحہ گل پلازہ: ملبے سے لاشیں نہیں، صرف ہڈیاں مل رہی ہیں: سینئر فائر آفیسر
کراچی میں گل پلازہ سانحے کے بعد سرچ آپریشن کے دوران ملبے سے لاشوں کے بجائے صرف ہڈیاں ملنے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
سینئر فائر آفیسر ظفر خان نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ گل پلازہ کے تہ خانے میں ایک بار پھر آگ بھڑک اٹھی تھی، تاہم فائر بریگیڈ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا۔
سینئر فائر آفیسر کے مطابق عمارت کی چھت سے ڈیزل ٹینک نہیں اتارا گیا تھا اور ڈیزل ٹینک اتارنے کے دوران اس میں آگ لگ گئی تھی، جسے فوری طور پر بجھا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عمارت کا اسٹرکچر شدید متاثر ہو چکا ہے اور اب صرف سرچنگ کا عمل باقی رہ گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی کھوسو نے گل پلازہ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ سرچ آپریشن آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے اور امکان ہے کہ آپریشن آج مکمل کر لیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کام ایس بی سی اے کی نگرانی میں جاری ہے اور کوشش ہے کہ جلد از جلد تمام کارروائی مکمل کر لی جائے۔
پس منظر:
گل پلازہ میں چند روز قبل خوفناک آتشزدگی کے بعد عمارت کا ایک بڑا حصہ منہدم ہو گیا تھا۔ آگ لگنے کے نتیجے میں درجنوں افراد جاں بحق جبکہ متعدد لاپتا ہو گئے تھے۔
ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں کئی روز سے ملبہ ہٹانے اور لاپتا افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔ شدید آگ اور طویل وقت گزرنے کے باعث متعدد لاشیں ناقابلِ شناخت ہو چکی ہیں، جس کے باعث ڈی این اے اور دیگر ذرائع سے شناخت کا عمل بھی زیرِ غور ہے۔
