صدر مملکت آصف علی زرداری سے اردن کے لیے نامزد سفیر میجر جنرل (ر) خرم سرفراز خان کی ملاقات
صدر مملکت آصف علی زرداری سے پاکستان کے اردن کے لیے نامزد سفیر میجر جنرل (ریٹائرڈ) خرم سرفراز خان نے ملاقات کی ہے۔
صدر مملکت نے نئی سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے پر نامزد سفیر کو مبارکباد دی اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ وہ اردن کے ساتھ پاکستان کے کثیرالجہتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔ نامزد سفیر کو فلسطین کے لیے بھی سفارتی تقرری حاصل ہوگی۔
صدر مملکت نے پاکستان اور اردن کے دیرینہ تعلقات کو نہایت اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک مشترکہ تاریخ، ثقافت اور مذہبی اقدار کی بنیاد پر مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم، اردن کے عوام اور فلسطینی قیادت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ گزشتہ نومبر میں اردن کے فرمانروا کے دورہ پاکستان کے دوران سیاسی روابط، تجارت و سرمایہ کاری، دفاع و سلامتی اور عوامی سطح پر روابط بشمول افرادی قوت اور مہارتوں کی ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔
انہوں نے اردن میں مقیم پاکستانی برادری کے کردار کو سراہتے ہوئے پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے بہتر قونصلر سہولیات، باقاعدہ روابط اور سفارت خانے و کمیونٹی کے درمیان قریبی تعاون پر زور دیا۔
صدر مملکت نے فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت اور 1967ء سے قبل کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک آزاد فلسطینی ریاست، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو، کے قیام کے لیے پاکستان کے اصولی اور سفارتی موقف کا اعادہ کیا۔
انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اردن کے کردار کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نامزد سفیر اردن اور فلسطین کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے بھرپور خدمات انجام دیں گے۔
