راولپنڈی کی 163 ہائی رائز عمارتوں میں صرف ایک مکمل فائر سیفٹی سسٹم سے لیس ہونے کا انکشاف

0

راولپنڈی: پنجاب کمیونٹی سیفٹی بلڈنگ ریگولیشنز کے تحت کیے گئے جائزے میں انکشاف ہوا ہے کہ راولپنڈی کی 163 ہائی رائز عمارتوں میں سے صرف ایک کمرشل عمارت میں مکمل اور خودکار فائر سیفٹی سسٹم موجود ہے، جبکہ باقی عمارتیں جزوی یا مکمل طور پر غیر محفوظ قرار دی گئی ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق ہائی رائز عمارتوں کی درجہ بندی کی گئی، جس میں کیٹیگری اے میں صرف ایک ہوٹل کی عمارت کو مکمل محفوظ قرار دیا گیا۔ کیٹیگری بی اور سی میں شامل 11 عمارتوں میں فائر سیفٹی کے انتظامات نامکمل پائے گئے، جبکہ کیٹیگری سی میں شامل 151 عمارتیں مکمل طور پر غیر محفوظ ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ 7 کمرشل عمارتوں میں داخلی راستہ، آگ بجھانے کا خودکار نظام اور دھوئیں کے اخراج کا نظام موجود نہیں، جبکہ 151 عمارتوں میں سیفٹی آلات، ہنگامی اخراج کے راستے اور خودکار اسموک ایگزاسٹ سسٹم بھی نصب نہیں ہیں، جو کسی بھی بڑے حادثے کی صورت میں خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔

گزشتہ برس راولپنڈی میں آگ لگنے کے 1712 واقعات رپورٹ ہوئے، جن میں 4 افراد جاں بحق اور 107 زخمی ہوئے۔ اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں آگ لگنے کے واقعات کے حوالے سے ضلع راولپنڈی تیسرے نمبر پر ہے۔

 ریسکیو 1122 کا اوسط ایمرجنسی رسپانس ٹائم گزشتہ سال 8 منٹ سے بھی کم رہا، تاہم عمارتوں میں حفاظتی انتظامات کی کمی کے باعث بڑے نقصانات کا خدشہ برقرار ہے۔

رپورٹ میں متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ہائی رائز عمارتوں میں فائر سیفٹی قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے تاکہ انسانی جانوں اور املاک کو ممکنہ بڑے سانحات سے بچایا جاسکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.