پنجاب میں ای ٹریفک چالان کے نام پر شہریوں کو لوٹنے والی 100 سے زائد جعلی ویب سائٹس بلاک
لاہور: پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے ای ٹریفک چالان کے نام پر شہریوں کو دھوکا دینے والی 100 سے زائد جعلی ویب سائٹس کو بلاک کروا دیا ہے۔ اتھارٹی کے مطابق یہ ویب سائٹس شہریوں سے غیر قانونی طور پر آن لائن ادائیگیاں وصول کرنے میں ملوث تھیں۔
ترجمان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا کہنا ہے کہ جعلی ویب سائٹس اصل ای چالان سسٹم سے مشابہت رکھتی تھیں اور شہریوں کو گمراہ کرکے رقم وصول کی جا رہی تھی۔ کارروائی کے دوران ان ویب سائٹس کی نشاندہی کرکے متعلقہ اداروں کے تعاون سے انہیں بند کروایا گیا۔
اتھارٹی نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ای چالان کی ادائیگی صرف سرکاری اور مصدقہ ویب سائٹس یا موبائل ایپس کے ذریعے کریں اور کسی بھی مشکوک لنک یا ویب سائٹ پر اپنی ذاتی اور بینکنگ معلومات فراہم نہ کریں۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی فراڈ کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ اداروں کو اطلاع دیں۔
