پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بینک کے درمیان 603 ملین ڈالر کے تین معاہدے طے پا گئے

0

اسلام آباد: پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بینک (آئی ایس ڈی بی) کے درمیان603 ملین ڈالر مالیت کے تین اہم معاہدوں پر دستخط ہو گئے ہیں۔

اقتصادی امور ڈویژن کی جانب سے جاری سرکاری اعلامیے کے مطابق یہ معاہدے اسلام آباد میں ہونے والے اعلیٰ سطحی مذاکرات کے بعد باضابطہ طور پر طے پائے۔

اعلامیے کے مطابق اسلامی ترقیاتی بینک پاکستان کو تقریباً 603 ملین ڈالر کے تین قرضے فراہم کرے گا، جن میں ایک اہم موٹروے منصوبہ اور سماجی شعبے کے دو بڑے ترقیاتی منصوبے شامل ہیں۔

یہ مالی معاونت ایم-6 سکھر–حیدرآباد موٹروے منصوبے، انتہائی غریب اور سیلاب سے متاثرہ گھرانوں کے لیے غربت سے نجات پروگرام (پی جی ای پی) اور منتخب پسماندہ اضلاع و سیلاب متاثرہ علاقوں میں اس منصوبے کے نفاذ کے لیے استعمال کی جائے گی۔

اس کے علاوہ یہ فنڈزآزاد جموں و کشمیر میں سکول سے باہر بچوں کے لیے شروع کیے جانے والے منصوبے کی مالی معاونت کے لیے بھی بروئے کار لائے جائیں گے۔

اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ اسلامی ترقیاتی بینک کی جانب سے شارٹ ٹرم فنانسنگ کے طور پر کموڈٹی فنانسنگ کی مد میں کیے گئے 700 ملین ڈالر کے ایک اور عہد کے تحت رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں اب تک 383.78 ملین ڈالر جاری کیے جا چکے ہیں۔

حکام کے مطابق ان معاہدوں سے پاکستان میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری، غربت میں کمی اور تعلیمی شعبے کے فروغ میں مدد ملے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.