فیصلوں کا حتمی اختیار نواز شریف کے پاس، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ

0

اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن میں پارٹی کے اندر مشاورت کے عمل کے باوجود فیصلوں کا حتمی اختیار سابق وزیر اعظم نواز شریف کے پاس ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ محمود خان اچکزئی ایک سینیئر سیاستدان ہیں اور نواز شریف اپنے پرانے سیاسی ساتھیوں کی قدر کرتے ہیں۔ اعظم نذیر تارڑ کے مطابق آئین اور قانون میں اپوزیشن لیڈر کی تقرری کا طریقہ واضح طور پر درج ہے اور یہ عمل اسپیکر کی نگرانی میں مکمل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کی تقرری کا معاملہ بھی جلد نمٹا لیا جائے گا۔

وزیر قانون نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے حلف اٹھانے کے دن ہی اپوزیشن کو مذاکرات کی پیشکش کی تھی۔ حکومت نے سیاسی اختلافات کو ایک طرف رکھتے ہوئے میثاقِ معیشت پر بات کرنے کی دعوت دی، کیونکہ چند افراد کی رہائی سے زیادہ عوامی فلاح کے امور اہم ہیں اور عوام نے ووٹ بھی اسی مقصد کے لیے دیا ہے۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ جیل میں ملاقات کا معاملہ مکمل طور پر قانونی ہے، سزا یافتہ شخص کو اسی لیے قید میں رکھا جاتا ہے تاکہ وہ روزمرہ سیاسی سرگرمیوں میں حصہ نہ لے سکے، اور جو کام براہِ راست ممکن نہ ہو، وہ بالواسطہ طور پر بھی نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سزا یافتہ فرد ملکی سیاست کی قیادت نہیں کر سکتا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ یہ سمجھ سے بالاتر ہے کہ اپوزیشن ہر معاملے میں بانی تحریکِ انصاف عمران خان سے مشاورت کرتی ہے، جبکہ سیاسی امور کے لیے ایک طے شدہ آئینی اور قانونی طریقہ کار موجود ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.