خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی دو کامیاب کارروائیاں، بھارتی حمایت یافتہ 13 خوارج ہلاک
پشاور:خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر دو علیحدہ کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ فتنۂ خوارج سے تعلق رکھنے والے 13 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائیاں ضلع بنوں اور ضلع کرم میں کی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بنوں میں خفیہ اطلاع پر کی گئی کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 8 خوارج کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنا کر ہلاک کر دیا گیا۔ اسی طرح ضلع کرم میں ایک اور کارروائی کے دوران 5 خوارج مارے گئے۔ ہلاک ہونے والے تمام دہشتگردوں کا تعلق بھارتی پراکسی فتنۂ خوارج سے تھا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کارروائیوں کے بعد علاقوں میں مزید خوارج کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔ بیان میں کہا گیا کہ عزمِ استحکام کے تحت دہشتگردی کے خلاف مہم پوری قوت سے جاری ہے اور ملکی سلامتی کو لاحق ہر خطرے کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا میں کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ زیراعظم نے فتنۂ خوارج کے 13 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وژنِ عزمِ استحکام کے تحت سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف اس جنگ میں افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے اور حکومت ملک سے ہر قسم کی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔
