کراچی میں ٹینکرز اور ہائیڈرنٹس کے ذریعے پانی کی فراہمی ختم کرنے کا فیصلہ،
کراچی: شہر میں پانی کی فراہمی کے نظام میں بڑی تبدیلی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس کے تحت ٹینکرز اور واٹر ہائیڈرنٹس کے ذریعے پانی کی سپلائی مرحلہ وار ختم کی جائے گی۔
کے ایم سی حکام کے مطابق میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے واٹر کارپوریشن کے اعلیٰ حکام کو اس حوالے سے متبادل اور پائیدار نظام تیار کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
میئر کراچی نے ہدایت دی کہ شہر میں قائم تمام سات واٹر ہائیڈرنٹس کو بتدریج ختم کر کے پانی کی فراہمی لائنوں کے ذریعے یقینی بنائی جائے، تاکہ شہریوں کو ان کی دہلیز پر براہِ راست پائپ لائنوں کے ذریعے پانی فراہم کیا جا سکے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ واٹر ہائیڈرنٹس سے ماہانہ تقریباً 30 کروڑ روپے کا ریونیو حاصل ہوتا ہے، تاہم ان ہائیڈرنٹس کے کنٹریکٹس گزشتہ سال ختم ہو چکے ہیں اور اب نئے کنٹریکٹس جاری نہیں کیے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو ٹینکر مافیا سے نجات دلانا اولین ترجیح ہے۔
میئر کراچی نے مزید کہا کہ شہر میں پانی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے متبادل دنوں میں ہر علاقے کو پانی فراہم کرنے کا نظام وضع کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹینکرز کے ذریعے پانی کی فراہمی مستقل حل نہیں بلکہ اس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس لیے پائیدار اور منصفانہ نظام متعارف کرانا ناگزیر ہے۔
حکام کے مطابق اس فیصلے پر مرحلہ وار عمل درآمد کے لیے لائحہ عمل تیار کیا جا رہا ہے، جس سے کراچی کے شہریوں کو پانی کی منصفانہ اور مستقل فراہمی ممکن بنائی جا سکے گی۔
