امارات میں قومی ٹرین سروس کا چند ماہ میں آغاز، “اتحاد ریل” 11 شہروں کو منسلک کرے گی
ابوظہبی : متحدہ عرب امارات میں رواں سال قومی مسافر ریل نیٹ ورک کے آغاز کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے تحت جدید ٹرین سروس “اتحاد ریل” ملک کے 11 اہم شہروں اور علاقوں کو آپس میں منسلک کرے گی۔ اس منصوبے کو امارات میں جدید اور پائیدار سفری نظام کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
اتحاد ریل نیٹ ورک کے تحت ابوظبی، دبئی، شارجہ اور فجیرہ کو براہِ راست ریل کے ذریعے جوڑا جائے گا، جبکہ ابوظبی اور شارجہ کے دور دراز علاقوں تک بھی مسافر ٹرین سروس فراہم کی جائے گی۔ حکام کے مطابق اس نیٹ ورک کا مقصد شہری اور دیہی علاقوں کے درمیان فاصلے کم کرنا اور سفر کو مزید آسان بنانا ہے۔
اتحاد ریل کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ٹرین سروس ابوظبی کے مغربی علاقے الظفرہ اور شارجہ کے دور افتادہ صحرائی علاقوں تک مسافروں کو سہولت فراہم کرے گی۔
ابوظبی میں ٹرین اسٹیشنز السلع (سعودی عرب کی سرحد کے قریب، ابوظبی شہر سے تقریباً 350 کلومیٹر دور)، الذہ (ساحلی شہر، ابوظبی سے تقریباً 250 کلومیٹر)، المرفأ (ساحلی علاقہ، ابوظبی سے تقریباً 230 کلومیٹر)، مدینۃ زاید (الظفرہ کا انتظامی مرکز، ابوظبی سے تقریباً 160 کلومیٹر) اور مزیرعہ (لیوا اویسس کے قریب، ابوظبی سے تقریباً 220 کلومیٹر) میں قائم کیے گئے ہیں۔
اسی طرح شارجہ میں الفایہ (اندرونی صحرائی علاقہ، شارجہ شہر سے تقریباً 60 تا 70 کلومیٹر دور) اور الذید (زرعی شہر، شارجہ سے تقریباً 50 کلومیٹر دور) سمیت دیگر اسٹیشنز شامل ہیں۔
یہ جدید ریل سروس جدید سہولتوں سے آراستہ ہوگی، جن میں تیز رفتار انٹرنیٹ (وائی فائی)، موبائل چارجنگ کی سہولت اور ایک ٹرین میں تقریباً 400 مسافروں کی گنجائش شامل ہے۔
حکام کے مطابق اتحاد ریل کے ذریعے شہروں کے درمیان سفر نہ صرف زیادہ تیز اور محفوظ ہوگا بلکہ سڑکوں پر ٹریفک کے دباؤ میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔
ماہرین کے مطابق یہ منصوبہ امارات میں معاشی سرگرمیوں، سیاحت اور علاقائی رابطہ کاری کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
