گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے کینیڈین ہائی کمشنر طارق علی خان کی ملاقات، دوطرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق
کراچی: گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے کینیڈا کے ہائی کمشنر طارق علی خان نے گورنر ہاؤس کراچی میں ملاقات کی۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے کینیڈین ہائی کمشنر کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور کینیڈا کے دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون، علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ کینیڈین ہائی کمشنر طارق علی خان نے گورنر سندھ کے عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو آئی ٹی کی بلامعاوضہ تعلیم کی فراہمی ایک قابلِ تقلید مثال ہے۔
اس موقع پر گورنر ہاؤس میں زیرِ تعلیم نوجوانوں نے کینیڈین ہائی کمشنر کو آئی ٹی تعلیم اور دستیاب سہولیات کے حوالے سے آگاہ کیا۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ پاکستان کینیڈین سرمایہ کاروں کے لیے ایک پُرکشش ملک ہے، خصوصاً کان کنی اور معدنیات کے شعبے میں وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون کی مضبوط بنیاد ہے۔
ملاقات میں تعلیم، ٹیکنالوجی، تجارت، زراعت اور توانائی کے شعبوں میں پاکستان۔کینیڈا تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
H.E @tarikdev met with the Governor of Sindh Province, Mr. @KamranTessoriPk & discussed the importance of Canada-Pakistan ties, including trade and people-to-people connections.
🇨🇦🇵🇰 pic.twitter.com/zGbuUFJdIx— Canada in Pakistan (@CanHCPakistan) January 12, 2026
بعد ازاں کینیڈین ہائی کمشنر نے گورنر ہاؤس میں قائم “امید کی گھنٹی” اور قائدِاعظم محمد علی جناحؒ کے تاریخی دفتر کا دورہ کیا۔ گورنر سندھ کے ہمراہ کینیڈین ہائی کمشنر نے پاکستان اور کینیڈا کے پرچم لہرائے، شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔
