ٹانک: پولیس بکتر بند گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ، 6اہلکار شہید

0

ٹانک : تھانہ گومل کی حدود میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں پولیس کی بکتر بند گاڑی کو دہشتگردوں نے ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایڈیشنل ایس ایچ او اسحاق خان سمیت چھ اہلکار شہید ہو گئے۔

پولیس کی بکتر بند گاڑی تھانہ گومل سے ٹانک جا رہی تھی کہ راستے میں دھماکہ ہوا۔ شہید ہونے والوں میں ایڈیشنل ایس ایچ او اسحاق احمد خان، شیر اسلم خان، ڈرائیور عبد المجید، ارشد علی، حضرت علی اور احسان اللہ شامل ہیں۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ گاڑی شدید نقصان کا شکار ہو گئی اور اس میں سوار اہلکار موقع پر ہی شہید ہو گئے۔

حادثے کے فوراً بعدریسکیو 1122 اور سکیورٹی فورسز کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور شہداء کی میتیں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ٹانک منتقل کر دی گئیں۔ پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکہ ریموٹ کنٹرول آئی ای ڈی کے ذریعے کیا گیا، اور سکیورٹی فورسز واقعے میں ملوث دہشتگردوں کو پکڑنے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

یہ واقعہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال پر ایک سنگین دھچکا ہے اور پولیس اہلکاروں کی قربانی کو ملک بھر میں شدید تشویش اور دکھ کے ساتھ یاد کیا جا رہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.