اگر پی ٹی آئی کے پاس گراؤنڈ بھرنے کے لیے لوگ نہیں تھے تو ہم دے دیتے: میئر کراچی
کراچی:میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جلسے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ باغِ جناح ایک بڑا گراؤنڈ ہے اور اسے بھرنا آسان کام نہیں۔
خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کے کراچی میں جلسہ کرنے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اگر پی ٹی آئی کے پاس گراؤنڈ بھرنے کے لیے بندے نہیں تھے تو وہ ہم سے کہتے، ہم فراہم کر دیتے۔
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ جلسے اور عوامی طاقت دکھانے کے لیے محض دعوے کافی نہیں ہوتے بلکہ اس کے لیے عوامی حمایت درکار ہوتی ہے، جو واضح طور پر نظر آنی چاہیے۔
دوسری جانب وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے بھی پی ٹی آئی کے احتجاجی سیاست پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پُرامن احتجاج اور پی ٹی آئی دو الگ الگ چیزیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو اپنے صوبے میں عوامی مسائل حل کرنے پر توجہ دینی چاہیے، اس کے بجائے وہ دیگر صوبوں میں پہیہ جام کرنے کی سیاست کر رہے ہیں۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق کراچی میں ہونے والے پی ٹی آئی کے جلسے پر حکومتی رہنماؤں کے یہ بیانات سیاسی محاذ آرائی میں مزید شدت کا باعث بن سکتے ہیں۔
