پاکستان کا سوڈان کو ڈیڑھ ارب ڈالر کا اسلحہ اور جنگی طیارے فروخت کرنے کا امکان

0

اسلام آباد: برطانوی خبر رساں ادارے  رائٹرز کے مطابق پاکستان سوڈان کو اسلحہ اور جنگی طیارے فراہم کرنے کے لیے 1.5 ارب ڈالر کے معاہدے کے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔

رائٹرز کے مطابق پاک فضائیہ کے ایک سابق اعلیٰ افسر اور تین باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان سے اسلحے کی یہ مجوزہ خریداری سوڈانی فوج کے لیے بڑی تقویت ثابت ہو گی، جو اس وقت نیم فوجی تنظیم ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کے خلاف برسرپیکار ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق سوڈانی فوج اور آر ایس ایف کے درمیان گزشتہ ڈھائی برس سے جاری تنازع دنیا کے بدترین انسانی بحرانوں میں سے ایک بن چکا ہے، جس میں متعدد غیر ملکی مفادات بھی شامل ہو چکے ہیں۔ یہ تنازع بحیرۂ احمر کے تزویراتی لحاظ سے انتہائی اہم اور سونے سمیت دیگر معدنی وسائل سے مالا مال ملک کو تقسیم ہونے کے خطرے سے دوچار کر رہا ہے۔

رائٹرز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ مجوزہ معاہدے کے تحت پاکستان سوڈانی فوج کو 10 قراقرم-8 لائٹ اٹیک طیارے، نگرانی اور خودکش حملوں کے لیے 200 سے زائد ڈرونز اورجدید فضائی دفاعی نظام فراہم کرے گا۔

پاک فضائیہ کے سابق اعلیٰ افسر کے مطابق قراقرم-8 طیاروں کے ساتھ ساتھ سپر مشاق تربیتی طیاروں کی فراہمی بھی معاہدے کا حصہ ہو سکتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی امکان ظاہر کیا کہ پاکستان کےجے ایف-17 لڑاکا طیارے بھی اس معاہدے میں شامل ہوں، تاہم طیاروں کی تعداد یا فراہمی کے شیڈول کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

رائٹرز کے مطابق اس خبر پر تبصرے کے لیے رابطہ کرنے پر پاکستان اور سوڈان کے عسکری حکام نے فوری طور پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.