پاکستان کی شاندار فتح، پہلے ٹی ٹوئنٹی میں سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست، سیریز میں 0-1 کی برتری
دمبولا: پاکستان نے تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے مقابلے میں میزبان سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔ قومی ٹیم نے 129 رنز کا ہدف 17ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔
پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے سری لنکا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ قومی ٹیم کی فائنل الیون میں آل راؤنڈر شاداب خان کی واپسی ہوئی، جبکہ صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، سلمان علی آغا، فخر زمان اور عثمان خان بھی ٹیم کا حصہ تھے۔ بولنگ یونٹ میں محمد نواز، فہیم اشرف، محمد وسیم جونیئر، سلمان مرزا اور ابرار احمد شامل تھے۔
سری لنکا کی اننگز:
پاکستان کی شاندار اور منظم بولنگ کے سامنے سری لنکا کی ٹیم 19.2 اوورز میں 128 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ میزبان ٹیم کی جانب سے جنتھ لیانگے نے 40 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، جبکہ ہسارنگا اور اسالانکا 18، 18 رنز بناسکے۔
پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا اور ابرار احمد نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3،3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شاداب خان اور محمد وسیم جونیئر نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
پاکستان کی اننگز:
129 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ پراعتماد نظر آئی۔ اوپنر صاحبزادہ فرحان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 36 گیندوں پر 51 رنز اسکور کیے اور ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ صائم ایوب 24 رنز بناسکے۔
دیگر بلے بازوں میں کپتان سلمان علی آغا 16 اور فخر زمان 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ شاداب خان 18 اور عثمان خان 7 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے اور پاکستان کو آسان فتح سے ہمکنار کیا۔
اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے تین میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ہے، جبکہ سیریز کا اگلا مقابلہ بھی شائقین کی توجہ کا مرکز ہوگا۔
