سرحد پارسپورٹس مین اسپرٹ کی کمی، جواب میدان میں دیں گے: ون ڈے ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی
لاہور: پاکستان ون ڈے ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ سرحد پار لوگوں میں سپورٹس مین اسپرٹ کی کمی دیکھنے میں آئی ہے، تاہم پاکستان ٹیم کا مؤقف واضح ہے کہ ایسے رویّوں کا جواب بیانات سے نہیں بلکہ میدان میں اپنی کارکردگی سے دیا جائے گا۔
لاہور قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم نے گزشتہ کچھ عرصے میں مجموعی طور پر اچھی کرکٹ کھیلی ہے اور ورلڈکپ سے قبل سری لنکا میں سیریز کھیلنا ٹیم کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہر کھلاڑی کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ ملک کے لیے بہترین کارکردگی پیش کرے اور قومی پرچم سربلند رکھے۔
پاکستان ون ڈے ٹیم کے کپتان نے پاکستان سپر لیگ پر بات کرتے ہوئے اعتماد کا اظہار کیا کہ لاہور قلندرز اس بار بھی عمدہ کھیل پیش کرے گی اور ٹائٹل جیتنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ لاہور قلندرز کا مقصد صرف فتوحات حاصل کرنا نہیں بلکہ پاکستان کرکٹ کو معیاری اور باصلاحیت کھلاڑی فراہم کرنا بھی ہے۔
اپنی فٹنس کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شاہین آفریدی نے بتایا کہ ان کے گھٹنے کی انجری سنجیدہ نوعیت کی نہیں بلکہ معمولی سوجن ہے، جو جلد ٹھیک ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اگلے ہفتے سے باقاعدہ بولنگ کا آغاز کر دیں گے۔
بابر اعظم کی بگ بیش لیگ میں بیٹنگ سے متعلق سوال پر شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ یہ ضروری نہیں کہ ایک کھلاڑی ہر میچ میں ففٹی اسکور کرے، اہم بات ٹیم کے لیے مثبت کردار ادا کرنا اور تسلسل کے ساتھ کارکردگی دکھانا ہے۔
