حکومت ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمے کی کوشش کرے: شیخ رشید
راولپنڈی: سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمدنے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے اور صرف گاڑی رکھنے والوں کو ہی نہیں بلکہ ریڑھی اور چھابڑی والوں کو بھی جینے کا حق دیا جائے۔
راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت میں 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کے موقع پر شیخ رشید اپنے وکلا کے ہمراہ پیش ہوئے۔ سماعت کے بعد عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریڑھی بانوں اور چھابڑی والوں کے ساتھ زیادتیاں ہو رہی ہیں اور پیرا سمیت دیگر اداروں کے اہلکار ان کا سامان الٹ دیتے ہیں، جو ان کی روزی روٹی کا واحد ذریعہ ہوتا ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ وہ حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ ریڑھی بانوں اور چھابڑی والوں پر رحم کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت صرف گاڑی رکھنے والوں کو سہولتیں فراہم نہ کرے بلکہ محنت کش طبقے کو بھی جینے کا بنیادی حق دیا جائے۔
سابق وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور مہنگائی کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کرے تاکہ عام آدمی کو ریلیف مل سکے۔
