وینزویلا کی قیادت کیلئے حکومت کے وفادار افراد کی رپورٹ ٹرمپ کو پیش
واشنگٹن: امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کے بعد ملک کی ممکنہ قیادت سے متعلق حکومت کے وفادار عناصر پر مبنی ایک رپورٹ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو پیش کر دی ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق اس رپورٹ میں وینزویلا کی قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگز کا نام بھی اُن شخصیات میں شامل ہے جنہیں قیادت کے لیے موزوں قرار دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ افراد وینزویلا میں سیاسی استحکام برقرار رکھنے کے لیے سب سے بہتر پوزیشن میں ہو سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق امریکا کی ترجیح ایسے عناصر ہیں جو ریاستی ڈھانچے کو مکمل طور پر ٹوٹنے سے بچا سکیں اور اقتدار کی منتقلی کے عمل کو قابو میں رکھا جا سکے۔
واضح رہے کہ امریکا نے ہفتے کے روز وینزویلا پر حملہ کیا تھا، جس کے دوران امریکی ڈیلٹا فورس نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو صدارتی محل سے حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا تھا، جس کے بعد وینزویلا کی سیاست میں غیر معمولی ہلچل پیدا ہو گئی ہے۔
