امریکی شہریوں کی بڑی تعداد وینزویلا پر حملے کی مخالف: سروے
نیویارک: وینزویلا پر امریکی حملے کے بعد امریکی عوام کی رائے سامنے آ گئی ہے، جس کے مطابق بڑی تعداد میں شہری اس کارروائی کے خلاف ہیں۔
خبر ایجنسی کے ایک حالیہ سروے کے مطابق صرف 33 فیصد امریکی وینزویلا پر امریکی حملے کے حامی ہیں، جبکہ 72 فیصد امریکیوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ امریکا وینزویلا کے معاملے میں حد سے زیادہ ملوث ہو سکتا ہے۔
سروے میں بتایا گیا ہے کہ سیاسی وابستگی کے لحاظ سے 65 فیصد ری پبلکن وینزویلا میں امریکی فوجی آپریشن کے حامی ہیں، جبکہ ڈیموکریٹس میں یہ شرح صرف 11 فیصد اور آزاد ووٹرز میں 23 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔
دوسری جانب صدر نکولس مادورو کے بعد وینزویلا کی ممکنہ قیادت سے متعلق پیش رفت بھی سامنے آ گئی ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق سی آئی اے نے حکومت کے وفادار عناصر میں سے سب سے موزوں افراد پر مشتمل رپورٹ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو پیش کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق قیادت کے لیے موزوں شخصیات میں وینزویلا کی قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگز (Delcy Rodríguez) کا نام بھی شامل ہے، جنہیں ملک میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے بہتر پوزیشن میں قرار دیا گیا ہے۔
