برزل پاس پر برف ہٹانے کے دوران برفانی تودہ گرنے سے پاک فوج کے کیپٹن سمیت تین شہید
راولپنڈی: برزل پاس پر آپریشنل نقل و حرکت کو یقینی بنانے کے لیے پاک فوج کی جانب سے برف ہٹانے کا آپریشن کیا گیا، جس کے دوران پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں پاک فوج کے ایک افسر سمیت تین افراد نے جامِ شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 2 اور 3 جنوری 2026 کی درمیانی شب برزل پاس کو کھولنے کے لیے بھاری مشینری کے ذریعے سنو کلیئرنس آپریشن جاری تھا۔ اس آپریشن کی قیادت کیپٹن اسمٰد (عمر 28 سال، لاہور کے رہائشی) کر رہے تھے۔
رات تقریباً 2 بجے آپریشن کے دوران اچانک برفانی تودہ گرنے سے کیپٹن اسمٰد، سپاہی رضوان (عمر 32 سال، اٹک کے رہائشی) اور پی ڈبلیو ڈی کے مشین آپریٹر عیسیٰ (استور کے رہائشی) برف تلے دب گئے، جبکہ ایک اور فوجی جوان بھی اس واقعے کی زد میں آیا۔
شدید موسمی حالات کے باوجود فوری اور بھرپور ریسکیو کارروائی کے بعد چاروں افراد کو برف سے نکال لیا گیا، تاہم کیپٹن اسمٰد، سپاہی رضوان اور مشین آپریٹر عیسیٰ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہو گئے۔
شہداء نے انتہائی دشوار گزار اور شدید موسم میں فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا تاکہ افواجِ پاکستان کی آپریشنل نقل و حرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔ ان کی قربانی اس عزم کی عکاس ہے کہافواجِ پاکستان کے تمام رینکس مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں اور فرض کی راہ میں جان دینے سے کبھی دریغ نہیں کریں گے۔
