اسحاق ڈار بیجنگ پہنچ گئے، ساتویں پاکستان،چین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کی مشترکہ صدارت کریں گے
بیجنگ: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈاربیجنگ پہنچ گئے۔ ائیرپورٹ پر ان کا استقبال چین کے افغانستان کے لیے خصوصی نمائندے، سفیر یُو ژیاو یونگ نے کیا۔
بیجنگ میں اسحاق ڈار اتوار کو چینی وزیر خارجہ وانگ یی کے ہمراہ ساتویں پاکستان–چین فارن منسٹرز اسٹریٹجک ڈائیلاگ کی مشترکہ صدارت کریں گے۔ اس موقع پر دونوں ممالک خطے کے اہم امور، دوطرفہ تعلقات، اور سیکیورٹی و اقتصادی تعاون کے فروغ کے مواقع پر تبادلہ خیال کریں گے۔
اس کے علاوہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ 2026 میں پاکستان اور چین کے درمیان 75 سالہ سفارتی تعلقات کے آغاز کے حوالے سے منعقدہ تقریبات میں بھی شرکت کریں گے۔ دونوں ممالک سال بھر مختلف اقدامات اور یادگاری سرگرمیاں منعقد کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں تاکہ دوطرفہ تعلقات کی مضبوط بنیادوں اور دیرپا شراکت داری کو اجاگر کیا جا سکے۔

دفتر خارجہ کے مطابق اس دورے کا مقصد پاکستان اور چین کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا اور علاقائی و عالمی امور میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔
