صدر آصف علی زرداری کی اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات، علاقائی امن، کشمیر اور عالمی تعاون پر گفتگو

0

دوحہ: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے دوحہ میں اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی، جس میں عالمی و علاقائی امور، مسئلہ کشمیر، فلسطین اور سماجی ترقی کے فروغ سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران صدرِ مملکت نے عالمی چیلنجز سے نمٹنے میں اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی قیادت اور پاکستان کیلئے ان کی مسلسل حمایت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی امن، انصاف اور خوشحالی کے فروغ میں اقوامِ متحدہ کے مرکزی کردار کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

صدر آصف زرداری نے جموں و کشمیر کے دیرینہ تنازع کے منصفانہ اور پائیدار حل کی ضرورت پر زور دیا اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے مشروط ہے۔

صدرِ مملکت نے اقوامِ متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ پاکستانی امن کار دنیا کے مختلف حصوں میں اقوامِ متحدہ کے جھنڈے تلے خدمات انجام دے رہے ہیں، جو پاکستان کے عالمی امن کے عزم کا مظہر ہے۔

اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے عالمی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے اس کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کی جانب سے پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کے اقدام پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے معاہدہ منسوخ کرنے اور دریاؤں کے اعداد و شمار روکنے سے پاکستان میں ماحولیاتی اور انسانی آفات جنم لے رہی ہیں، جو خطے کے استحکام کیلئے خطرہ ہیں۔

صدرِ مملکت نے دوحہ پولیٹیکل ڈیکلریشن کو غربت کے خاتمے اور سماجی ترقی کے عالمی عزم کے احیاء کیلئے خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) پاکستان میں سماجی شمولیت اور معاشی خودمختاری کے فروغ کا کامیاب ماڈل ہے، جس نے لاکھوں خاندانوں کو غربت سے نکالنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت اور 1967 سے قبل کی سرحدوں پر خودمختار ریاستِ فلسطین کے قیام کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی امن صرف اس وقت ممکن ہے جب فلسطین اور کشمیر کے عوام کو ان کے بنیادی حقوق دیے جائیں۔ملاقات میں بی بی آصفہ بھٹو زرداری، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان کے سفیر برائے قطر بھی شریک تھے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.