امریکہ کے پاس اتنے ایٹمی ہتھیار ہیں کہ پوری دنیا کو 150 مرتبہ تباہ کر سکتا ہے: امریکی صدر

0

واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان، چین، روس اور شمالی کوریا سمیت دنیا کے کئی ممالک خفیہ طور پر ایٹمی تجربات کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق یہ تجربات زیرِ زمین اتنی گہرائی میں کیے جا رہے ہیں کہ ان کے اثرات صرف ہلکی سی لرزش کی صورت میں محسوس ہوتے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کو خفیہ رپورٹس موصول ہوئی ہیں جن کے مطابق کئی ممالک اپنے ایٹمی ہتھیاروں کی کارکردگی جانچنے کے لیے تجربات کر رہے ہیں، مگر ان کی اطلاع عالمی اداروں کو نہیں دی جا رہی۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا کے پاس اتنے ایٹمی ہتھیار موجود ہیں کہ وہ دنیا کو 150 مرتبہ تباہ کر سکتا ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ امریکا کبھی ایٹمی ہتھیار استعمال نہیں کرنا چاہتا بلکہ ان کی حفاظت اور کارکردگی کو یقینی بنانے کے لیے تجربات ضروری ہیں۔

امریکی صدر کے بیان پر بین الاقوامی سطح پر مختلف حلقوں کی جانب سے ردِعمل سامنے آ رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر ٹرمپ کا یہ دعویٰ درست ہوا تو یہ عالمی جوہری معاہدوں، خصوصاً جامع ایٹمی تجربہ ممنوعہ معاہدے (CTBT) کی سنگین خلاف ورزی تصور ہوگی۔

دوسری جانب چین نے ٹرمپ کے بیان کی سخت تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین ایک ذمہ دار ایٹمی طاقت ہے اور اس کی ایٹمی پالیسی ہمیشہ دفاعی نوعیت کی رہی ہے۔ چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ چین بین الاقوامی معاہدوں اور قوانین کی مکمل پاسداری کرتا ہے اور اس قسم کے الزامات بے بنیاد ہیں۔

عالمی مبصرین کے مطابق ٹرمپ کا یہ بیان بین الاقوامی تناؤ میں مزید اضافہ کر سکتا ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب عالمی سطح پر ایٹمی عدم پھیلاؤ کے معاہدوں پر عمل درآمد پہلے ہی کمزور ہو رہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.