بھارتی صحافی رعنا ایوب اور والد کو جان سے مارنے کی دھمکیاں ، سی پی جے کا تحفظ یقینی بنانے کا مطالبہ

0

نئی دہلی:معروف بھارتی صحافی رعنا ایوب اور ان کے والد کو نامعلوم افراد کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔

 میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ دھمکیاں بین الاقوامی نمبر سے ویڈیو اور فون کالز کے ذریعے دی گئیں، جن میں دھمکی دینے والے شخص نے رعنا ایوب سے مطالبہ کیا کہ وہ 1984 کے سکھ فسادات پر ایک کالم لکھیں، بصورتِ دیگر انہیں اور ان کے خاندان کو سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق ملزم نے خود کو ایک مخصوص گروہ سے وابستہ ظاہر کیا اور کہا کہ اگر صحافی نے دیے گئے مطالبے پر عمل نہ کیا تو انہیں قتل کر دیا جائے گا۔ دھمکی آمیز ویڈیوز اور کالز کے بعد رعنا ایوب نے یہ معاملہ متعلقہ حکام کے سامنے اٹھایا ہے۔

رعنا ایوب جو بھارت میں تحقیقی صحافت اور انسانی حقوق کے موضوعات پر اپنے بے باک مؤقف کے لیے جانی جاتی ہیں، ماضی میں بھی متعدد بار سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مہمات اور آن لائن ہراسانی کا نشانہ بن چکی ہیں۔

دوسری جانب کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس (CPJ)نے بھارتی حکام سے رعنا ایوب اور ان کے خاندان کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ تنظیم نے ایک بیان میں کہا کہ صحافیوں کے خلاف دھمکیاں، تشدد اور خوف کی فضا ناقابلِ قبول ہے اور بھارتی حکومت کو چاہیے کہ وہ اس معاملے میں ملوث عناصر کی شناخت اور گرفتاری کو یقینی بنائے۔

سی پی جے نے مزید کہا کہ آزاد صحافت کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہے، اور اگر صحافیوں کو دھمکایا یا خاموش کرایا جائے تو یہ اظہارِ رائے کی آزادی پر براہِ راست حملہ سمجھا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.