اسلام آباد: بھارتی میڈیا کی جانب سے پاکستان کے 20 ہزار فوجی اہلکار غزہ بھیجنے کے دعوے کو گمراہ کن اور جھوٹا قرار دے دیا گیا ہے۔ مستند ذرائع نے واضح کیا ہے کہ بھارتی جریدے کی رپورٹ من گھڑت، بے بنیاد اور پاکستان کے مؤقف کو مسخ کرنے کی ایک ناکام کوشش ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارتی رپورٹ میں شامل مبینہ انٹیلی جنس لیکس اور دیگر دعوے محض پروپیگنڈہ ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ اس رپورٹ کا مقصد عالمی برادری میں پاکستان کے بارے میں غلط تاثر پیدا کرنا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ نہ تو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) اور نہ ہی دفتر خارجہ نے کبھی غزہ یا کسی اور مقام پر کسی فوجی مشن کی تائید یا اعلان کیا ہے۔ پاکستان کا مؤقف ہمیشہ سے فلسطینی عوام کے حقِ خود ارادیت کی اصولی حمایت پر مبنی رہا ہے۔
وزارتِ اطلاعات و نشریات کے مطابق پاکستان نے نہ کبھی اسرائیل کو تسلیم کیا ہے اور نہ ہی کسی قسم کی فوجی تعیناتی سے متعلق کوئی بات چیت ہوئی ہے۔ وزارت کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا کا جھوٹا پروپیگنڈہ پاکستان کے مستقل مؤقف کو کمزور نہیں کر سکتا۔
پاکستانی حکام نے عالمی میڈیا سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ بھارتی رپورٹس کی بنیاد پر خبریں شائع یا نشر کرنے سے گریز کریں، کیونکہ یہ رپورٹس خطے میں انتشار پھیلانے کی ایک منظم مہم کا حصہ ہیں۔
