تحریک لبیک پاکستان پر پابندی ،وزارت داخلہ نے باضابطہ نوٹی فیشن جاری کر دیا
اسلام آباد: وفاقی وزارتِ داخلہ نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) پر پابندی عائد کرتے ہوئے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق حکومتِ پاکستان نے ٹی ایل پی کو انسدادِ دہشتگردی ایکٹ 1997 کے تحت کالعدم تنظیم قرار دیا ہے۔
وزارتِ داخلہ کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کی رائے میں تحریک لبیک پاکستان دہشتگردی میں ملوث ہے اور امن و امان کے لیے خطرہ بن چکی ہے، اس لیے اسے فرسٹ شیڈول میں شامل کرتے ہوئے کالعدم قرار دیا جا رہا ہے۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ تنظیم کی سرگرمیوں، فنڈز اور دیگر اثاثوں کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے گی، جبکہ اس کے دفاتر اور مراکز پر بھی پابندی عائد ہوگی۔ وزارتِ داخلہ نے تمام صوبائی حکومتوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کو اس فیصلے پر فوری عملدرآمد کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
تحریک لبیک پاکستان پر اس سے قبل بھی مختلف اوقات میں پابندی عائد کی جا چکی ہے، تاہم بعد میں مذاکرات کے نتیجے میں تنظیم کی سرگرمیاں بحال کر دی گئی تھیں۔
