اسرائیلی جارحیت غزہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی، آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ناگزیر ہے، پاکستان

0

اسلام آباد:پاکستان نے 1967 سے قبل کی سرحدوں کے مطابق ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام پر زور دیتے ہوئے القدس الشریف کو فلسطین کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے اپنے مستقل مؤقف کو دہرایا ہے۔

دفترِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اسرائیل کی جانب سے غزہ امن معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیوں کی سخت مذمت کرتا ہے۔ترجمان کے مطابق اسرائیلی فوج کے تازہ فضائی حملوں کے نتیجے میں متعدد بے گناہ فلسطینی شہری شہید ہوئے ہیں، جو شرم الشیخ امن معاہدے کی روح کے منافی ہیں۔

پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیلی خلاف ورزیوں کو فوری طور پر روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ عالمی ادارے جنگ بندی کے مکمل نفاذ اور فلسطینی عوام کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔مزید برآں پاکستان نے فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت اور اُن کی جدوجہدِ آزادی کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے، اور اسرائیلی جارحیت کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے امن منصوبے کو مانتے ہوئے ثالثی ملکوں نے غزہ جنگ بندی معاہدے پر دستخط کیے ہیں، تاہم اس کے باوجود اسرائیل کی جانب سے جارحیت کا سلسلہ جاری ہے۔ جس پر دنیا میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.