راکٹ بوسٹرز سے لیس وہ گاڑی جو 0.9 سیکنڈ میں 100 کلومیٹر رفتار سے دوڑ سکتی ہے
بیجنگ :ایک چینی کمپنی نے ایسی انوکھی گاڑی متعارف کرائی ہے جو برق رفتار تو ہے ہی مگر ایسا راکٹ بوسٹرز سے ممکن ہوتا ہے۔جی ہاں واقعی ویکیوم کلینرز بنانے والی کمپنی ڈریمی نے نیبولا نیکسٹ 01 جیٹ ایڈیشن نامی کانسیپٹ گاڑی تیار کی ہے۔
امریکا میں اس گاڑی کو متعارف کرایا گیا جو ڈوئل راکٹ بوسٹر سسٹم سے لیس ہے اور اس کی بدولت محض 0.9 سیکنڈ میں 0 سے 100 کلومیٹر رفتار پکڑ سکتی ہے۔عام طور پر یہ کمپنی اسمارٹ ہوم اپلائنسز تیار کرتی ہے مگر اگست 2025 میں اس نے ایک گاڑی تیار کرنے کا اعلان کیا تھا۔
کمپنی کے مطابق اس گاڑی کے لیے ایرو اسپس ٹیکنالوجی کو استعمال کیا گیا جو 150 ملی سیکنڈ میں ردعمل ظاہر کرتی ہے۔کمپنی نے دعویٰ کیا کہ یہ سسٹم تحفظ کے ساتھ پرفارمنس کے توازن کو برقرار رکھتا ہے۔
اس الیکٹرک گاڑی میں آل سولڈ اسٹیٹ بیٹری استعمال کی گئی ہے جو سنگل چارج پر 550 کلومیٹر تک کا فاصلہ طے کرسکتی ہے۔یہ روایتی لیتھیم بیٹریز کے مقابلے میں توانائی کو زیادہ مؤثر انداز سے استعمال کرتی ہے۔
اس گاڑی میں لیڈار سسٹم بھی موجود ہے جو 600 میٹر تک اشیا کی ڈیٹکشن کی سہولت فراہم کرتا ہے تاکہ ٹکراؤ کا خطرہ کم ہوسکے۔کمپنی نے واضح کیا کہ فی الحال یہ محض کانسیپٹ گاڑی ہے اور اسے فروخت کے لیے پیش نہیں کیا جائے گا۔
