مریم نواز سے شرمین عبید چنائے کی ملاقات، فن و ثقافت کے فروغ کے لیے وزیراعلیٰ کی کاوشوں کو سراہا

0

لاہور:وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اکیڈمی ایوارڈ یافتہ پاکستانی نژاد فلمساز اور صحافی شرمین عبید چنائے نے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب نے شرمین عبید چنائے کا خیر مقدم کیا اور ان کی پیشہ ورانہ کامیابیوں اور سماجی مسائل کو دستاویزی فلم سازی کے ذریعے اجاگر کرنے کے عمل کو سراہا۔

شرمین عبید چنائے نے بھی مریم نواز شریف کی فن و ثقافت کے فروغ کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔ملاقات میں این ایس آئی ٹی سٹی میں پنجاب فلم سٹی کے منصوبے پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اس پر باہمی اشتراک کار پر اتفاق ہوا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہاکہ پنجاب فلم سٹی منصوبہ پاکستان کا پہلا ’اینڈ ٹو اینڈ‘ میڈیا پروڈکشن ہب ہوگا جہاں فلم، ٹی وی، ڈیجیٹل میڈیا، وی ایف ایکس اور پوسٹ پروڈکشن کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

اس منصوبے میں جدید اسٹوڈیوز، ساؤنڈ اسٹیجز، پوسٹ پروڈکشن لیبز، شوٹنگ اسپاٹس اور جھیل بھی شامل ہوں گے۔انہوں نے مزید کہاکہ فلم سٹی میں کنونشن ہال، میڈیا ٹریڈ ہب اور فلم و میوزک اسکول بھی قائم کیے جا رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے پی ایچ اے کو مینار پاکستان اور ڈیجیٹل ہسٹری میوزیم کی بحالی کی ہدایت بھی کی۔

شرمین عبید چنائے نے گفتگو میں کہاکہ مریم نواز شریف کی قیادت میں اچھا کام ہو رہا ہے، جبکہ بسنت فیسٹیول کے دوبارہ انعقاد کو بھی قابل تحسین قرار دیا۔انہوں نے کہاکہ پنجاب میں ہارس اینڈ کیٹل شو کی بحالی سے عوام کو معیاری تفریح کے مواقع مل رہے ہیں۔ان کے مطابق آئندہ برس بسنت فیسٹیول کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کے لیے ہالی ووڈ شخصیات کو بھی مدعو کیا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.