امریکی فوج کسی بھی لمحے ایران پر دوبارہ حملے کے لیے تیار: جنرل ڈین کین
واشنگٹن:جنرل ڈین کین نے کہا ہے کہ امریکی فوج کسی بھی لمحے کے نوٹس پر ایران پر دوبارہ حملے شروع کر سکتی ہے۔ یہ بیان واشنگٹن میں پیٹ ہیگسیتھ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں ناکہ بندی تمام بحری جہازوں پر لاگو ہے، چاہے وہ ایران جانے والے ہوں یا ایران سے آنے والے، اور اس دوران کسی بھی معاونت کی کوشش کرنے والے جہازوں کا بھی پیچھا کیا جائے گا۔
جنرل ڈین کین کے مطابق ناکہ بندی کے دوران 13 جہازوں کو واپس جانے پر مجبور کیا گیا، جن میں ایرانی تیل لے جانے والے جہاز بھی شامل ہیں۔
اس سے قبل پیٹ ہیگسیتھ نے کہا کہ ایران کو اپنے فیصلوں میں احتیاط برتنی ہوگی، بصورت دیگر امریکی افواج دوبارہ کارروائی کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکہ اور ایران کی عسکری صلاحیتوں کا کوئی مقابلہ نہیں، اور ایران کو جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کے مطابق امریکہ ایران کی فوجی نقل و حرکت پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور کسی بھی اشتعال انگیزی کی صورت میں فوری ردعمل دیا جائے گا۔
