پاک بحریہ کا مقامی اینٹی شپ میزائل کامیاب، دور ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت ثابت

0

راولپنڈی:پاک بحریہ نے مقامی سطح پر تیار کردہ اینٹی شپ میزائل کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے، جس نے دور فاصلے پر ہدف کو انتہائی درستگی اور تیز رفتاری سے نشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق میزائل جدید گائیڈنس سسٹم اور اعلیٰ ٹیکنالوجی سے لیس ہے، جو بدلتی صورتحال میں مؤثر انداز سے ہدف حاصل کرنے اور خطرات سے بچنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

تجربے کے موقع پر چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے میزائل فائرنگ کا مشاہدہ کیا، جبکہ سائنسدانوں اور انجینئرز کی ٹیم بھی اس موقع پر موجود تھی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مقامی سطح پر تیار کردہ یہ میزائل پاکستان کی تکنیکی مہارت کا واضح ثبوت ہے اور اس کی کامیابی آپریشنل صلاحیت اور جدید ٹیکنالوجی کے امتزاج کی عکاسی کرتی ہے۔

کامیاب تجربے پر صدر، وزیراعظم اور عسکری قیادت نے متعلقہ ٹیم کو سراہا، جبکہ پاک بحریہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سمندری دفاع کو مزید مضبوط اور مؤثر بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ یہ تجربہ نہ صرف دفاعی صلاحیت میں اضافہ ہے بلکہ علاقائی سمندری سکیورٹی اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا بھی مظہر ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.