تہران: امریکا کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان کے بعد ایران نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے آبنائے ہرمز کو عالمی بحری آمد و رفت کے لیے دو ہفتوں کے لیے کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ایران کی سپریم قومی سلامتی کونسل کے منظور شدہ بیان میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہا ہے۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے جنگ بندی کے لیے اہم اور مسلسل سفارتی کردار ادا کیا۔
عباس عراقچی کے مطابق ایران نے وزیراعظم شہباز شریف کی اپیل اور 15 نکاتی تجاویز کی روشنی میں امریکا کی مذاکرات کی درخواست قبول کی، جبکہ امریکی صدر نے ایران کی 10 نکاتی تجاویز کے بنیادی فریم ورک سے اتفاق کیا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ اگر ایران پر حملے مکمل طور پر روک دیے گئے تو ایرانی افواج بھی اپنی دفاعی کارروائیاں بند کر دیں گی۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ مخصوص تکنیکی شرائط کے تحت آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کو دو ہفتوں کے لیے محفوظ راستہ فراہم کیا جائے گا، تاہم اس دوران سکیورٹی اور ضوابط پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
