فلوریڈا میں متنازع قانون نافذ، شریعہ سمیت غیر ملکی قوانین اور دہشتگرد گروہوں پر پابندی
فلوریڈا: امریکی ریاست فلوریڈا کے گورنر نے ایک نئے قانون پر دستخط کر دیے ہیں جس کے تحت شریعہ سمیت ایسے غیر ملکی اور مذہبی قوانین پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جو آئینی حقوق سے متصادم ہوں۔
HB 1471 نامی اس قانون کے مطابق ریاست میں کسی بھی ایسے قانونی نظام یا اصول کو تسلیم نہیں کیا جائے گا جو امریکی آئین کے خلاف ہو۔ اس کے ساتھ ساتھ قانون میں ریاست کے اندر فعال دہشتگرد گروہوں کے خلاف اقدامات کو بھی سخت کیا گیا ہے تاکہ عوام کو ممکنہ خطرات سے تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
گورنر رون ڈی سینٹس کا کہنا تھا کہ قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے کہ ریاست ایک ہی قانونی نظام کے تحت کام کرے اور آئین کو بالادست حیثیت حاصل ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی اداروں کو ایسے عناصر سے محفوظ رکھنا ہوگا جو نقصان پہنچانے یا تعلیمی نظام کو متاثر کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
یہ قانون سامنے آنے کے بعد مختلف حلقوں کی جانب سے اس پر بحث متوقع ہے، جہاں اسے سکیورٹی اقدامات اور مذہبی آزادیوں کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔
