اسلام آباد: نام نہاد افغان ترجمان کا جھوٹا پروپیگنڈا بے نقاب،ویڈیوز جاری
اسلام آباد: وزارت اطلاعات و نشریات نے نام نہاد افغان ترجمان حمد اللہ فطرت کے حالیہ جھوٹے اور گمراہ کن پروپیگنڈا کو بے نقاب کر دیا ہے۔
وزارت کے مطابق پاکستان نے افغانستان میں فتنہ الخوارج اور افغان طالبان کے دہشت گرد انفراسٹرکچر کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا، اور اس حوالے سے درست فضائی حملوں، چوکیوں کی تباہی، قبضے، سازوسامان اور دہشت گرد کارندوں کی ہلاکتوں و زخمی ہونے کی باقاعدہ اپ ڈیٹ شدہ معلومات اور ویڈیوز جاری کی گئی ہیں۔
وزارت اطلاعات نے کہا کہ افغان طالبان رجیم اور اس کے حمایت یافتہ دہشت گرد پراکسیز کے حملوں کی حقیقت پوری دنیا کے سامنے ہے، جیسا کہ حالیہ بزدلانہ حملہ ڈومیل، بنوں میں ہوا جس میں خواتین اور بچوں سمیت 10 شہری شہید ہوئے۔ افغان شہریوں کو پاکستان میں دہشت گرد سرگرمیوں کے لیے استعمال کرنے کے شواہد بھی منظر عام پر آ چکے ہیں۔
مزید کہا گیا کہ افغان طالبان رجیم دہشت گرد قیادت کو پناہ و تحفظ فراہم کر رہا ہے اور اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی رپورٹس اس رجیم کی سرپرستی میں دہشت گرد پراکسیز کی موجودگی کی تصدیق کرتی ہیں۔
وزارت نے حمد اللہ فطرت اور دیگر ترجمانوں کے جعلی، پرانی یا مصنوعی ذہانت سے تیار شدہ پروپیگنڈا کی بھرپور مذمت کی اور کہا کہ یہ دعوے صرف بھارتی سرپرستی یافتہ پروپیگنڈا نیٹ ورک کے ذریعے پھیلائے جاتے ہیں، جبکہ سچائی ہمیشہ واضح رہتی ہے۔
پس منظر:
یہ واقعہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب افغانستان میں طالبان رجیم کے پروپیگنڈا اور دہشت گرد سرگرمیوں پر بین الاقوامی توجہ مرکوز ہے۔
پاکستان نے اپنی سرحدوں کی حفاظت اور دہشت گردانہ حملوں کے خاتمے کے لیے مسلسل کارروائیاں کی ہیں، جبکہ افغان طالبان رجیم کے جھوٹے دعوئےبے نقاب کرنے کے لیے وزارت اطلاعات باقاعدگی سے حقائق عوام کے سامنے پیش کرتی رہتی ہے۔
