اسلام آباد ٹریفک پولیس کو الیکٹرک گاڑیاں فراہم، وزیراعظم ملک بھر میں توسیع کے لئے پر امید

0

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ماحول دوست الیکٹرک وہیکلز کی اسلام آباد ٹریفک پولیس کو فراہمی کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

ابتدائی طور پر 15 ایکو اسمارٹ الیکٹرک گاڑیاں ٹریفک پولیس کے فلیٹ میں شامل کی گئی ہیں، جو حکومت کی توانائی بچت پالیسی اور وزیراعظم کے وژن کا حصہ ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہر گاڑی کے لیے ایک کپتان، ایک مرد ریسپانڈر، ایک ریسپانڈر اور ایک ڈرائیور پر مشتمل عملہ تعینات کیا جائے گا، جن کے لیے خصوصی یونیفارم بھی تیار کیے گئے ہیں۔

یہ گاڑیاں شہر کی اہم شاہراہوں پر تعینات کی جائیں گی اور ایک مکمل چارج پر 350 سے 400 کلومیٹر کا فاصلہ طے کر سکیں گی۔ فاسٹ چارجنگ 60 سے 90 منٹ میں اور نارمل چارجنگ 6 سے 8 گھنٹے میں مکمل ہوگی۔ الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال سے فی گاڑی ماہانہ تقریباً 0.55 ملین روپے کی بچت ممکن ہے اور 13 سے 14 ماہ میں لاگت پوری ہو جائے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے الیکٹرک گاڑیوں کا استعمال خوش آئند اقدام ہے اور یہ اقدام پاکستان کے زرمبادلہ کی بچت میں مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پورے ملک میں اس منصوبے کی تقلید کی جائے گی اور صوبائی حکومتیں بھی الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کو فروغ دیں گی۔

مزید بریفنگ میں بتایا گیا کہ جلد مزید 15 الیکٹرک وہیکلز بھی اسلام آباد ٹریفک پولیس کے فلیٹ میں شامل کی جائیں گی، جبکہ یہ اقدام وفاقی حکومت کے جدید ٹریفک مینجمنٹ پلان کا حصہ ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.