ٹک ٹاکر حکیم شہزاد لوہا پاڑ دواخانے میں خاتون کے ساتھ زیادتی کی کوشش کے الزام میں گرفتار
ملتان: سوشل میڈیا پر متنازع شہرت رکھنے والے ٹک ٹاکر حکیم شہزاد لوہا پاڑ ایک بار پھر خبروں کی زد میں ہیں، اس بار سنگین نوعیت کے الزام کے تحت۔ پولیس نے مبینہ زیادتی کی کوشش کے کیس میں فوری کارروائی کرتے ہوئے انہیں حراست میں لے لیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ مقدمہ ایک خاتون ٹک ٹاکر کی شکایت پر درج کیا گیا، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ملزم نے صلح کے بہانے انہیں اپنے دواخانے بلایا اور ملاقات کے دوران زبردستی کرنے کی کوشش کی۔ شکایت میں یہ بھی الزام شامل ہے کہ مزاحمت پر ملزم نے خاتون کے کپڑے پھاڑ دیے۔
واقعے کے بعد تھانہ صدر پولیس نے مقدمہ درج کیا اور حکیم شہزاد کو گرفتار کر لیا۔ پولیس حکام کے مطابق مقدمے میں زیادتی کی کوشش سمیت دیگر متعلقہ دفعات شامل کی گئی ہیں اور واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔
حکیم شہزاد لوہا پاڑجنہیں ڈاکٹر عامر لیاقت کے حوالے سے مشہور ہونے والی ٹک ٹاکر دانیہ شاہ سے تعلق کے سبب بھی شہرت حاصل ہے، پہلے ہی سوشل میڈیا پر متعدد تنازعات کا حصہ رہ چکے ہیں۔ تاہم اس نئے الزام نے معاملے کو سنگین شکل دے دی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور شواہد کی بنیاد پر قانونی کارروائی آگے بڑھائی جائے گی تاکہ حقائق سامنے آ سکیں۔
